بھٹکل 19 جولائی (ایس او نیوز) کووڈ لاک ڈاون کی وجہ سے وطن میں پھنسے این آر آئیز کو بہت بڑی راحت فراہم کرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے آج پیر کو تعلقہ انتظامیہ کے تعاون سے کووڈ ویکسین کے سکینڈ ڈوز کا کیمپ منعقدکیا گیا جس میں صرف این آر آئیز کو ہی کاغذی کاروائی مکمل کرنے پر ویکسین کا دوسرا ڈوز دیا گیا۔
گلف سے وطن لوٹنے کے بعد کووڈ لاک ڈاون کی وجہ سے یہیں پھنس جانے والے کافی این آر آئییز کووڈ ویکسین کا سکینڈ ڈوز حاصل کرنے کے لئے کافی دنوں سے پریشان تھے، ایک طرف سکینڈ ڈوز لے کر گلف جانا ضروری تھا تو وہیں ویکسین کی قلت کی وجہ سے سرکاری اسپتال اور تعلقہ کے دیگر مراکز میں ویکسین نہیں مل رہی تھی، جس کی وجہ سے لوگ متعلقہ ویکسین مراکز میں صبح چھ بجے سے ہی لائن میں لگ جاتے تھے اور پھر ویکسین نہ ملنے پر خالی ہاتھ واپس لوٹ رہے تھے۔
قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم نے اس تعلق سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی سمیت کاروار پہنچ کر ضلع اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن سے ملاقات کی اور حالات کو سامنے رکھتے ہوئے تعاون کی اپیل کی تھی، جس کے بعد تعلقہ انتظامیہ کے تعاون سے آج پیر کو تنظیم ہال میں این آر آئیز کے لئے ویکسی نیشن کا کیمپ رکھا گیا جس میں 311 لوگوں نے ویکسین کا دوسرا ڈوز حاصل کیا۔
پتہ چلا ہے کہ تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے این آر آئیز کے لئے آج تنظیم ہال میں کافی زائد ڈوز مختص کئے گئے تھے، مگر تنظیم دفتر میں رجسٹریشن کافی کم لوگوں نے کیا تھا، اور بہت سارے لوگوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی دستخط کے ساتھ کاغذی کاروائی مکمل نہیں کی تھی، کافی لوگ دوپہر کو تنظیم ہال پہنچے اور اُسی وقت اے سی دفتر پہنچ کر فوری طور پر کاغذی کاروائیوں کو مکمل کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے بھی بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے 311 لوگ ویکسین کا دوسرا ڈوز لینے میں کامیاب رہے۔
بھٹکل کے ساتھ ساتھ مرڈیشور، منکی، ولکی، گیرسوپا وغیرہ علاقوں کے بھی کافی لوگوں نے آج بھٹکل تنظیم ہال پہنچ کر ویکسین کا دوسرا ڈوز حاصل کیا اور تنظیم ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔